خیبر پختونخوا کابینہ کی تشکیل کب اور کیسے ہوگی؟ تفصیلات سامنے آ گئیں
پشاور: خیبر پختونخوا میں نئی کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کابینہ کے لیے مشاورت مکمل کرلی ہے، جس میں پرانے اور نئے چہروں کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی ممکنہ کابینہ ارکان کی فہرست لے کر بانی چیئرمین عمران خان سے مشاورت کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ اس حوالے سے سابق صوبائی وزیر مینا خان نے تصدیق کی کہ کابینہ کی تشکیل عمران خان سے مشاورت کے بعد ہی کی جائے گی۔ اگر ملاقات ممکن نہ ہو سکی تو کابینہ دو مراحل میں تشکیل دی جائے گی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، "میں کروڑوں عوام کی نمائندگی کر رہا ہوں، اور میری کوشش ہے کہ بانی چیئرمین سے ملاقات ہو سکے۔” انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی کابینہ کے حوالے سے جاری ہونے والی فہرست جعلی ہے، اور اصل فیصلہ صرف مشاورت کے بعد ہوگا۔
اس ساری صورتحال کے پیش نظر پارٹی کے اندرونی فیصلوں اور عمران خان کی رائے کو مرکزی اہمیت دی جا رہی ہے، جبکہ حتمی اعلان جلد متوقع ہے۔






