نئےوزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی بیرون ملک سفرنہیں کرسکتے
پشاور (نمائندہ خصوصی) خیبر پختونخوا کے نو منتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی بیرونِ ملک سفر نہیں کرسکیں گے، کیونکہ ان کا نام پی این آئی ایل (Provisional National Identification List) یعنی نو فلائی لسٹ میں شامل ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق سہیل آفریدی کا نام وزارت داخلہ کی سفارش پر 9 مئی کے واقعات کے بعد فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق ان کے خلاف نیشنل سائبر کرائم ایجنسی میں ریاستی اداروں اور اہم شخصیات کے خلاف مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر مواد شائع کرنے کی انکوائری جاری ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق سہیل آفریدی نے مالی سال 2021، 2022 اور 2023 میں کوئی انکم ٹیکس ادا نہیں کیا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کی نان فائلر لسٹ میں ان کا نام بھی شامل ہے۔
مزید یہ کہ سہیل آفریدی ماضی میں صرف ایک مرتبہ، سال 2019 میں متحدہ عرب امارات کا دورہ کرچکے ہیں۔ موجودہ صورتحال میں ان کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد ہے، جو ان کی سرکاری ذمہ داریوں پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے۔
سیاسی و قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ نو منتخب وزیراعلیٰ کی اس صورتحال سے نہ صرف ان کی ساکھ متاثر ہو سکتی ہے بلکہ صوبائی حکومت کو بھی انتظامی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔






