اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

نومنتخب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کون ہیں؟تفصیلات جانیں

پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی نے محمد سہیل آفریدی کو صوبے کا نیا وزیراعلیٰ منتخب کر لیا ہے۔ اسمبلی اجلاس اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیرِ صدارت ہوا، جس میں سہیل آفریدی نے 90 اراکینِ اسمبلی کی حمایت حاصل کی، جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔

نئے وزیراعلیٰ کا تعلق ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ سے ہے۔ محمد سہیل آفریدی نے پشاور یونیورسٹی سے بی ایس اکنامکس کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ وہ ماضی میں انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن خیبر پختونخوا کے صدر اور انصاف یوتھ ونگ کے صوبائی صدر بھی رہ چکے ہیں۔

سہیل آفریدی نے 2024 کے ضمنی انتخابات میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لیا تھا، تاہم انہیں پاکستان تحریک انصاف کی بھرپور حمایت حاصل رہی۔ انہوں نے پی کے 70 سے ن لیگ کے امیدوار بلاول آفریدی کو شکست دے کر پہلی مرتبہ رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

سیاسی سفر میں تیزی سے ترقی کرتے ہوئے، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے انہیں اپنی کابینہ میں شامل کیا۔ ابتدا میں سہیل آفریدی کو معاونِ خصوصی برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس مقرر کیا گیا، بعد ازاں انہیں صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کا قلمدان سونپا گیا۔

محمد سہیل آفریدی کی بطور وزیراعلیٰ نامزدگی اور انتخاب کو صوبے کے سیاسی منظرنامے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ وہ نئی ذمہ داریوں کو کس طرح نبھاتے ہیں اور خیبر پختونخوا کی ترقی و استحکام کے لیے کیا اقدامات کرتے ہیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button