اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

پشاور: سہیل آفریدی نئے وزیراعلیِٰ خیبرپختونخوا منتخب

پشاور (ویب ڈیسک): خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں سہیل آفریدی کو نئے وزیراعلیِٰ صوبہ منتخب کر لیا گیا۔ اجلاس اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت منعقد ہوا جہاں ووٹنگ کے بعد 90 ارکان نے سہیل آفریدی کو منتخب کیا۔ صوبائی اسمبلی میں کل نشستوں کی تعداد 145 ہے جس میں قائدِ ایوان منتخب ہونے کے لیے کم از کم 73 ووٹ درکار تھے۔ حکومتی اراکین کی تعداد 93 اور اپوزیشن کی 52 ہے۔

وزیراعلیٰ عہدے کے انتخاب سے قبل مستعفی وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب چیئرمین پی ٹی آئی نے حکم دیا تو انہوں نے اسی روز استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے اپنے دورانِ حکومت حاصل کارکردگی کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب انہیں حکومت ملی تو خزانے میں صرف 18 روز کی تنخواہیں تھیں، تاہم اب صوبائی خزانے میں 218 ارب روپے موجود ہیں۔ علی امین نے کہا کہ وہ پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں اور بانیِ پی ٹی آئی کی حمایت جاری رکھیں گے۔

اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے اسمبلی سے خطاب میں اعلان کیا کہ اپوزیشن وزیراعلیٰ کے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ تاحال منظور نہیں ہوا اور ایک موجودہ وزیرِ اعلیٰ کے ہوتے ہوئے دوسرے وزیرِ اعلیٰ کا انتخاب آئینی طور پر درست نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر نے علی امین کو طلب کیا تھا تاکہ ابہام دور کیا جا سکے اور اپوزیشن اس غیر قانونی عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔ بتایا گیا ہے کہ اپوزیشن اجلاس کے دوران واک آؤٹ کر گئی تھی اور کئی ارکان عمومی اسمبلی کارروائی میں شریک نہیں تھے۔

اسپیکر بابر سلیم سواتی نے اپوزیشن لیڈر کے خطاب کے بعد کہا کہ علی امین نے دو مرتبہ استعفے گورنر کو بھیجے اور آج ایوان میں بھی استعفیٰ کا اعلان کیا گیا، لہٰذا آئین کے مطابق عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئین لوگوں کی خواہشات پر نہیں چلتا اور نئی قائد ایوان کے انتخاب کا طریقِ کار آئینی حدود کے مطابق طے کیا جائے گا۔ اسپیکر نے رولنگ پڑھنے کے بعد انتخابی عمل مکمل کروایا جس کے نتیجے میں سہیل آفریدی 90 ووٹوں کے ساتھ منتخب ہوئے۔

اجلاس کے دوران اپوزیشن کی جانب سے شور و غل اور گیلری میں کچھ افراد کی احتجاجی آوازوں پر اسپیکر نے خبردار کیا کہ اگر خاموشی برقرار نہ رکھی گئی تو کارروائی روک کر گیلری کے افراد کو نکال دیا جائے گا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button