افغانستان کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جا رہا ہے ، وزیر داخلہ
وزیر داخلہ محسن نقوی نے افغانستان کی طرف سے پاکستانی علاقوں پر بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے اور اعلان کیا ہے کہ افغانستان کو بھارت کی طرح منہ تو منہ جواب دیا جائے گا۔
اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ افغان فورسز کی طرف سے شہری آبادی پر فائرنگ بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے پاک فوج کی فوری اور موثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز نے ثابت کیا ہے کہ اشتعال انگیزی کسی طور برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کے مسلح افواج چوکس ہیں اور افغانستان کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جا رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں جاری آگ اور خون کے کھیل کے پیچھے ہمارے ازلی دشمن کے ہاتھ ہیں، لیکن پاکستان کے عوام بہادر مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد کھڑے ہیں۔
افغان فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کے جواب میں پاک فوج نے کئی افغان پوسٹیں تباہ کر کے پاکستان کا پرچم لہرا دیا، اور انگور اڈہ چیک پوسٹ پر افغان فوجی پاکستانی فورسز کو دیکھ کر بھاگ گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے انگور اڈہ، باجوڑ، کرم، دیر، چترال، بارام چاہ اور چاغی میں افغان پوسٹوں پر موثر حملے کیے۔
دوسری جانب، قطر، سعودی عرب، ایران اور دیگر ممالک نے پاک افغان کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور دونوں ملکوں سے امن قائم رکھنے اور کشیدگی سے گریز کی اپیل کی ہے۔






