منیلا (عالمی خبر رساں ادارہ) – فلپائن کے جنوبی علاقے منداناؤ کے ساحلی علاقے مانائے کے قریب جمعہ کی صبح 7.4 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک، درجنوں عمارتیں، پل اور انفرا اسٹرکچر متاثر ہو گیا، جبکہ سونامی کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔
فلپائنی زلزلہ پیما ادارے (Phivolcs) کے مطابق زلزلے کا مرکز سمندر میں تھا، اور جھٹکے 30 سے 40 سیکنڈ تک محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے فوراً بعد ساحلی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی۔
سونامی کا خطرہ، بعد میں جزوی کمی
ابتدائی طور پر پیسفک سونامی وارننگ سینٹر اور امریکی سونامی وارننگ سسٹم نے خبردار کیا تھا کہ زلزلے کے مرکز سے 300 کلومیٹر کے اندر موجود علاقوں میں خطرناک لہریں پیدا ہو سکتی ہیں۔
بعد ازاں فلپائن کے لیے سونامی کا خطرہ ختم کر دیا گیا، تاہم انڈونیشیا، پالاؤ اور دیگر قریبی جزائر کے لیے سونامی وارننگ بدستور برقرار ہے۔ انڈونیشیا کے شمالی سولاویسی اور پاپوا میں سونامی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ پالاؤ کے ساحلی علاقوں میں ایک میٹر تک اونچی لہروں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
متاثرہ علاقوں میں نقصانات
مقامی حکام کے مطابق زلزلے سے کئی گھروں، اسکولوں اور گرجا گھروں کو نقصان پہنچا، جبکہ متعدد پلوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
مانائے کے مقامی افسر رِچی دیوئین کا کہنا تھا:
"میں 46 سال کا ہوں، لیکن اتنا طاقتور زلزلہ پہلے کبھی محسوس نہیں کیا، نقصان کافی زیادہ ہوا ہے۔”
حکومتی ردِ عمل
فلپائن کے صدر فرڈیننڈ مارکوس جونیئر نے اعلان کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بھیج رہی ہے تاکہ امدادی کارروائیاں شروع کی جا سکیں اور متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
حالیہ پس منظر
یہ زلزلہ ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب دو ہفتے قبل سیبو جزیرے میں آنے والے 6.9 شدت کے زلزلے میں 74 افراد ہلاک ہو چکے تھے، جس نے پورے ملک میں زلزلہ پروف انفرا اسٹرکچر کی ضرورت پر سوالات اٹھا دیے تھے۔






