اکتوبر کے آخر میں ہونے والی بارش سے گرمی رخصت ہو جائے گی,محکمہ موسمیات نے سردیوں کی آمد کی نوید سنا دی
پنجاب بھر میں موسم کی تبدیلی واضح طور پر محسوس کی جا رہی ہے، جہاں صبح اور رات کے اوقات میں خنکی جبکہ دن کے وقت سورج کی تپش کا راج برقرار ہے۔ گزشتہ دنوں ہونے والی بارش نے موسم کے تیور بدل دیے ہیں اور عوام کو گرمی سے کچھ ریلیف ملا ہے۔
سما ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کا کہنا ہے کہ سردیوں کی باقاعدہ آمد ابھی متوقع نہیں، اور آئندہ چند دنوں میں کسی بڑی بارش کا امکان بھی ظاہر نہیں کیا جا رہا۔ تاہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اکتوبر کے آخر میں متوقع بارشیں موسم کو مکمل طور پر تبدیل کر دیں گی اور گرمی کو رخصت کر دیں گی۔
ماہرین موسمیات کے مطابق دن بہ دن کم ہوتی ہوئی درجہ حرارت کی سطح اور صبح و رات کے وقت خنکی کی شدت اس بات کا اشارہ ہے کہ سردیوں کا آغاز قریب آ چکا ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسم کی تبدیلی کے پیش نظر مناسب لباس اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خصوصاً بزرگ اور بچے موسمی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے خاص توجہ دیں۔






