تحریک انصاف کی قیادت نے ایک اور جماعت رجسٹرڈ کرانے کا فیصلہ کرلیا
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مستقبل میں سیاسی و قانونی پیچیدگیوں سے بچنے اور کسی کمزور جماعت پر انحصار سے گریز کے لیے ایک بڑی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ پارٹی قیادت نے نئی سیاسی جماعت رجسٹرڈ کرانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے، جس کے لیے ’’تحریک انصاف پاکستان‘‘ یا ’’انصاف پاکستان‘‘ جیسے ناموں پر غور جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق نئی جماعت مکمل طور پر الگ تنظیمی ڈھانچے کی حامل ہوگی اور اس کا چیئرمین بھی موجودہ پی ٹی آئی قیادت سے مختلف ہوگا۔ نئی جماعت کا آئین اور رکنیت سازی کا عمل تیزی سے جاری ہے، جبکہ ابتدائی طور پر ایک ہزار ارکان کا ڈیٹا، بشمول شناختی کارڈز، جمع کیا جا رہا ہے تاکہ الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔
انتخابی حکمت عملی واضح: دونوں جماعتیں مل کر الیکشن لڑیں گی
تحریک انصاف کے قریبی ذرائع کے مطابق، آئندہ انتخابات میں یہ دونوں جماعتیں مل کر حصہ لیں گی، تاکہ کسی بھی قانونی یا سیاسی رکاوٹ کی صورت میں نئی جماعت بطور "بیک اپ” استعمال کی جا سکے۔ اس حکمت عملی کا مقصد ماضی کی طرح کسی اور سیاسی جماعت کے کندھے پر انحصار نہ کرنا ہے۔
پارٹی قیادت کا کہنا ہے کہ ’’ہم چاہتے ہیں کہ آئندہ انتخابات میں مکمل خود مختاری سے حصہ لیں اور کسی اور جماعت کا سہارا نہ لینا پڑے۔‘‘
عمران خان کا بھی نئی جماعت بنانے کا عندیہ
باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے بھی "انصاف پاکستان” کے نام سے ایک نئی جماعت کے قیام کا ارادہ ظاہر کیا تھا، اور اسی سلسلے میں تیاریوں کا آغاز کیا گیا ہے۔
جلد ہی نئی جماعت کی رجسٹریشن کے لیے الیکشن کمیشن سے باضابطہ رجوع کیا جائے گا، اور جیسے ہی آئینی اور تنظیمی تقاضے مکمل ہوں گے، نئی پارٹی کو باقاعدہ طور پر سیاسی میدان میں متحرک کر دیا جائے گا۔






