تھرپارکر کے سرحدی گاؤں سنورانی میں بھارتی فورسز نے معصوم جانوروں پر وحشیانہ حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں 8 بکریاں ہلاک اور 54 کی ٹانگیں توڑ دی گئیں۔ واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ بھارتی فورسز کا یہ ظالمانہ رویہ امن کے اصولوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت کی اس سفاکانہ کارروائی کے باعث مویشی مالکان نے 43 بکریاں قصابوں کو فروخت کر دی ہیں جبکہ 11 زخمی بکریوں کا علاج جاری ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے متاثرہ جانوروں کے علاج کے لیے فوری لائیو اسٹاک ٹیم کو جائے وقوعہ پر بھیجا ہے اور زخمی جانوروں کے مکمل علاج کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ بھارتی فورسز کا یہ رویہ نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ انسانیت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ متاثرہ مالکان کے ساتھ کھڑی ہے اور علاقے میں مسلسل مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے وفاقی حکومت کو سفارش کی کہ یہ معاملہ سفارتی سطح پر اٹھایا جائے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت سندھ جانوروں کے تحفظ اور فلاح کے لیے بھرپور اقدامات کرتی رہے گی۔





