اہم خبریںدنیا

انڈونیشیا میں بورڈنگ اسکول گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 36 ہوگئی، ریسکیو آپریشن جاری

ویب ڈیسک: انڈونیشیا کے مشرقی علاقے جاوا میں الخوزینی بورڈنگ اسکول گرنے کے حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 36 تک پہنچ گئی ہے۔ یہ تازہ ترین اعداد و شمار انڈونیشیا کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے جاری کیے ہیں۔

ایجنسی کے مطابق اتوار کو ریسکیو آپریشن اپنے ساتویں روز بھی جاری رہا تاکہ ملبے تلے دبے مزید 27 طلبا کی لاشیں نکالی جا سکیں۔ لاپتا طلبا کی عمریں 13 سے 19 سال کے درمیان ہیں۔

حادثے کے دن، پیر کو، اسکول منہدم ہوا تھا، اس وقت وہاں سینکڑوں طلبا موجود تھے۔ ابتدائی طور پر 5 طلبہ جاں بحق اور تقریباً 100 زخمی ہوئے تھے۔ قومی ڈیزاسٹر ایجنسی کے عہدیدار بُدی اراوان نے بتایا کہ ریکوری آپریشن تقریباً 60 فیصد مکمل ہو چکا ہے اور توقع ہے کہ جلد از جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہماری امید ہے کہ کل تک تمام ملبہ ہٹا دیا جائے گا تاکہ اصل ہلاکتوں کی تعداد معلوم ہو سکے۔”

ایجنسی کے سربراہ سہاریانتو نے بتایا کہ شناخت کا عمل مشکل ہو رہا ہے کیونکہ زیادہ تر طلبا 18 سال سے کم عمر ہیں اور ان کے پاس قومی شناختی کارڈ یا فنگر پرنٹ ریکارڈ موجود نہیں۔ کئی لاشیں بری طرح مسخ ہو چکی ہیں جس کی وجہ سے ان کی شناخت ممکن نہیں۔

اب تک 167 متاثرین میں سے 104 کو زندہ نکالا جا چکا ہے جن میں سے 14 اسپتال میں زیر علاج ہیں، 89 کو فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ ایک کو دوسرے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسکول گرنے کا جھٹکا اتنا شدید تھا کہ پورے علاقے میں لرزش محسوس کی گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ناقص تعمیرات اس سانحے کی بنیادی وجہ ہو سکتی ہیں۔

ریسکیو ٹیم نے والدین کی اجازت کے بعد بھاری مشینری کا استعمال شروع کیا ہے۔ اس سے پہلے کارکن ہاتھوں اور آلات سے ملبہ کھودتے ہوئے طلبا کے نام پکار رہے تھے، تاہم اب تک کسی زندہ بچ جانے والے کے آثار نہیں ملے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button