اسلام آباد — جاپان میں کام کرنے کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے خوش آئند خبر سامنے آئی ہے۔ جاپان فاؤنڈیشن نے ورک ویزے کے امیدواروں کے لیے جاپانی زبان کا بیسک ٹیسٹ متعارف کروا دیا ہے تاکہ امیدواروں کی جاپانی زبان میں بنیادی ابلاغی صلاحیت کو جانچا جا سکے۔
انتظامیہ کے مطابق یہ ٹیسٹ اسلام آباد میں ایس کانز اسکول آف اکاؤنٹنسی ایف ایٹ مرکز میں منعقد کیا جائے گا۔ ٹیسٹ کی تاریخیں 11 اکتوبر، یکم نومبر اور 8 نومبر 2025 مقرر کی گئی ہیں۔ اس ٹیسٹ میں شرکت کے لیے زیادہ سے زیادہ پانچ سو امیدواروں کو جگہ دی جائے گی۔
یہ بیسک ٹیسٹ خاص طور پر جاپان کی حکومت کے سپیسفائیڈ اسکلڈ ورکر پروگرام میں شمولیت کے لیے لازمی ہے، جس سے پاکستانیوں کو جاپان میں روزگار اور رہائش کے بہتر مواقع حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
جاپان فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ورک ویزے کے خواہشمند افراد کی تیاری اور زبان کی مہارت میں بہتری آئے گی، جو کہ جاپان میں کامیاب کیریئر کے لیے نہایت اہم ہے۔






