اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

خیبرپختونخوا کابینہ میں بڑے پیمانے پر رد و بدل، وزرا و معاونین کے محکمے تبدیل

پشاور: خیبرپختونخوا کابینہ میں دو وزرا کے استعفوں کے بعد بڑے پیمانے پر رد و بدل کیا گیا ہے، جس کے تحت وزرا اور معاونین خصوصی کے محکموں میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ سرکاری اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کابینہ میں کی جانے والی تبدیلیوں کے تحت معاون خصوصی ارباب عاصم کو محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے، جب کہ محمد اسرار کو محکمہ آبپاشی کا ذمہ دار مقرر کیا گیا ہے۔

مزید تبدیلیوں میں، وزیر ایکسائز خلیق الرحمان کو محکمہ صحت کا قلمدان دے دیا گیا ہے، جب کہ مشیر صحت احتشام علی کو اب محکمہ ایکسائز کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

صوبائی وزیر فضل شکور کا محکمہ تبدیل کر کے انہیں سیاحت کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے، جبکہ مشیر برائے سیاحت زاہد چن زیب کو محکمہ محنت کا قلمدان دے دیا گیا ہے۔

اسی طرح وزیر پبلک ہیلتھ پختون یار وزیر کو کھیل کا قلمدان دیا گیا ہے، اور سابق وزیر کھیل فخر جہاں وزیر کو پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی وزارت دے دی گئی ہے۔

اعلامیے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حمید الرحمان کو وزیر اعلیٰ کا معاون خصوصی مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ڈاکٹر امجد کو ترقی دے کر صوبائی وزیر بنا دیا گیا ہے۔

یہ تبدیلیاں انتظامی امور کی بہتری اور گورننس کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کی گئی ہیں۔ کابینہ میں رد و بدل کا مقصد محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور نئے اہداف کے مطابق ٹیم کی تشکیل نو کرنا بتایا جا رہا ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button