اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

اسلام آباد: پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات کا پانچواں روز، وزیر خزانہ اور وفد کی اہم ملاقات جاری

اسلام آباد میں پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان دوسرے ششماہی اقتصادی جائزہ مذاکرات کا آج پانچواں روز ہے، جس دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور آئی ایم ایف وفد کے درمیان اہم ملاقات جاری ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق ملاقات میں سیکریٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر، گورنر اسٹیٹ بینک اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہیں۔ اجلاس میں پاکستان کی موجودہ معاشی کارکردگی، ٹیکس اہداف، بجٹ سرپلس اور ریونیو اقدامات پر تفصیلی بات چیت ہو رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ آئی ایم ایف کو میکرو اکنامک اہداف، مالیاتی نظم و ضبط، اور ٹیکس محاصل کی صورتحال سے آگاہ کریں گے، جبکہ عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی معاشی ریٹنگ میں بہتری پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

اجلاس میں صوبائی حکومتوں کے نمائندے بھی شریک ہوں گے، جو آئی ایم ایف مشن کو زرعی انکم پر ٹیکس، بجٹ سرپلس اور معاشی کارکردگی سے متعلق ڈیٹا اور تکنیکی معلومات فراہم کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر حکام کی جانب سے ٹیکس ریونیو میں ممکنہ شارٹ فال اور اس کے ممکنہ حل پر بھی آئی ایم ایف کو اعتماد میں لیا جائے گا، جب کہ ٹیکس اصلاحات اور آئندہ سہ ماہی کے لیے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ آئی ایم ایف مشن موجودہ اقتصادی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لے رہا ہے تاکہ اگلی قسط کی منظوری سے قبل پاکستان کی مالی حکمت عملی پر مکمل اطمینان حاصل کیا جا سکے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button