ویب ڈیسک – پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حالیہ متنازعہ بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے "کھیل کی روح کے منافی اور مایوسی کی علامت” قرار دے دیا ہے۔
محسن نقوی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں واضح کیا کہ کھیل کو جنگ کے بیانیے سے جوڑنا نہ صرف افسوسناک بلکہ خطرناک رجحان ہے، جو اسپورٹس مین اسپرٹ کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔
"تاریخ گواہ ہے، جنگ میں بھارت کو شکست ملی”
محسن نقوی نے مودی کے بیان پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا:
"اگر جنگ تمہارے فخر کا پیمانہ ہے تو تاریخ گواہ ہے کہ بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں صرف شکست اور رسوائی ملی ہے، اور کسی ایک کرکٹ میچ کے نتیجے سے یہ حقیقت نہیں بدلی جا سکتی۔”
"کھیل نفرت کا نہیں، امن کا ذریعہ ہے”
محسن نقوی نے اپنے بیان میں کھیل کو نفرت کا نہیں بلکہ امن، بھائی چارے اور یکجہتی کا ذریعہ قرار دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ:
"کرکٹ جیسے عظیم کھیل کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا کھیل کی اصل روح کو مجروح کرتا ہے۔”
پس منظر: مودی کا ‘آپریشن سندور’ بیان
واضح رہے کہ نریندر مودی نے پاکستان کے خلاف بھارت کی فتح کو "آپریشن سندور” سے تشبیہ دیتے ہوئے ایک جنگی بیانیہ اختیار کیا تھا، جس پر بین الاقوامی سطح پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔






