دبئی / نئی دہلی (ویب ڈیسک) – پاکستان کو شکست دے کر ایشیا کپ 2025 جیتنے والی بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیے 21 کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس بات کا اعلان بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری دیوا جیت سائیکیا نے میڈیا سے گفتگو میں کیا۔
"محسن نقوی سے ٹرافی نہ لینے کا فیصلہ حکومتی پالیسی کے تحت تھا”
بی سی سی آئی سیکرٹری کے مطابق، ایشیا کپ فائنل کے بعد ٹرافی نہ لینے کا فیصلہ بھارتی ٹیم کا نہیں بلکہ بورڈ کا تھا، اور یہ فیصلہ بھارتی حکومت کی پالیسی کے عین مطابق کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا:
"محسن نقوی پاکستان حکومت کے مرکزی رہنما ہیں، اسی لیے ہم نے ان سے ٹرافی نہ لینے کا فیصلہ کیا۔ وہ ٹرافی اور میڈلز واپس لے گئے، لیکن ہمیں امید ہے کہ یہ جلد بھارت کو واپس کیے جائیں گے۔”
آئی سی سی اجلاس میں احتجاج کا اعلان
دیوا جیت سائیکیا نے اعلان کیا کہ ایشیا کپ کی اختتامی تقریب میں پیدا ہونے والے تنازع کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے آئندہ اجلاس میں اٹھایا جائے گا، جو نومبر کے پہلے ہفتے میں دبئی میں ہوگا۔
"ہم ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے چیئرمین محسن نقوی کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔ ایشیا کپ ایک ملٹی نیشنل ٹورنامنٹ ہے، اور ہم پاکستان کے ساتھ باہمی سیریز نہیں کھیلتے۔”
"6-0 شکست خیالی باتیں ہیں”
انہوں نے پاکستانی میڈیا میں گردش کرنے والی "6-0 شکست” کی خبروں کو خیالی بیانیہ قرار دیا اور کہا کہ:
"اصلی نتیجہ 3-0 ہے، جو سب کے سامنے ہے اور بھارت کے حق میں ہے۔ فائنل کے دن جو کچھ ہوا، وہ افسوسناک تھا، لیکن ہم نے اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔”
"پاکستان کو ہرانا باعثِ فخر ہے”
سائیکیا نے کہا کہ بھارتی ٹیم نے پاکستان کو شکست دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے، اور یہی وجہ ہے کہ بی سی سی آئی نے بھارتی اسکواڈ کے لیے 21 کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔






