اہم خبریںکرکٹکھیل

ایشیا کپ ٹرافی تنازع: بھارتی ٹیم نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کردیا

دبئی (اسپورٹس ڈیسک) – ایشیا کپ 2025 کی اختتامی تقریب ایک تنازع کا شکار بن گئی جب بھارتی کرکٹ ٹیم نے ٹورنامنٹ کی فاتح ہونے کے باوجود چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کردیا۔

ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی ہدایت پر ٹیم نے "ہٹ دھرمی” کا مظاہرہ کرتے ہوئے محسن نقوی کے ہاتھوں ٹرافی وصول کرنے سے انکار کیا، جس کے باعث انعامی تقریب تاخیر کا شکار ہوئی اور آخرکار ٹرافی دیے بغیر ہی اختتام پذیر ہوگئی۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والی اختتامی تقریب میں محسن نقوی، امپائرز، دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اور آفیشلز موجود تھے۔ تقریب کے دوران بھارتی کھلاڑی تلک ورما اور شیوام دوبے نے انفرادی ایوارڈز تو وصول کیے، تاہم ٹرافی کو اسٹیج پر لانے کے باوجود بھارتی ٹیم نے اجتماعی طور پر اسے وصول کرنے سے انکار کردیا۔

اے سی سی صدر کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کو رنر اپ ایوارڈز دیے گئے، لیکن چیمپئن ٹرافی گراؤنڈ سے واپس بھیج دی گئی۔ معروف کمنٹیٹر سائمن ڈول نے اس موقع پر اعلان کیا کہ "بھارتی ٹیم نے اے سی سی کو مطلع کیا ہے کہ وہ آج رات ٹرافی وصول نہیں کرے گی۔”

اس معاملے کی تصدیق بھارتی کرکٹ بورڈ کے نمائندے دیواجیت سیکیا نے بھی کی، جنہوں نے اعتراف کیا کہ انکار کی وجہ صرف یہ تھی کہ ٹرافی پاکستان کے وفاقی وزیر اور اے سی سی چیئرمین محسن نقوی کے ہاتھوں دی جا رہی تھی۔

تقریب میں بھارتی ٹیم کو نہ میڈلز دیے گئے اور نہ ہی "چیمپئن” کا آفیشل بورڈ پیش کیا گیا۔ بھارتی کھلاڑیوں نے بغیر ٹرافی کے تصاویر بنوائیں اور علامتی انداز میں ہاتھوں سے ٹرافی اٹھانے کی پوز بنا کر جشن منایا۔

بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے اپنی ٹوئٹ میں میچ کو "آپریشن سندور” سے تشبیہ دیتے ہوئے اسے محض ایک کھیل نہیں بلکہ ایک جنگی بیانیہ قرار دیا، جس سے معاملے کی حساسیت مزید بڑھ گئی ہے۔

کرکٹ کی تاریخ کا افسوسناک لمحہ

یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بڑے بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں فاتح ٹیم نے سیاسی بنیادوں پر ٹرافی لینے سے انکار کیا ہو۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کھیل کو سیاست کی بھینٹ چڑھانے سے بین الاقوامی کرکٹ کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button