لاہور: سورج کی تیز تپش کے باعث لاہور کا درجہ حرارت بڑھ گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا موسم آج بھی گرم اور خشک رہے گا اور بارش کا کوئی امکان نہیں۔ ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت میں مزید اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔
فضائی آلودگی تشویشناک حد تک پہنچ گئی
شہر میں ائیر کوالٹی انڈیکس (AQI) کی شرح 175 ریکارڈ کی گئی، جو کہ صحت کے لیے مضر قرار دی جاتی ہے۔ اس سطح کی آلودگی میں سانس، دمہ اور دل کے مریضوں کو خاص احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے، جو کہ شہریوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔
ماہرینِ صحت نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، خاص طور پر بزرگ افراد، بچے اور سانس کے مریض احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔






