نیویارک: برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور پرتگال کے بعد فرانس نے بھی فلسطین کو باضابطہ طور پر ریاست تسلیم کرلیا۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران اس اہم فیصلے کا اعلان کیا۔
صدر میکرون نے اپنے خطاب میں غزہ میں جاری جنگ کو "ناقابلِ جواز” قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو اب مزید خاموش تماشائی بنے رہنے کا حق نہیں۔ انہوں نے کہا:
"ہم مزید انتظار نہیں کرسکتے، اب وقت آ گیا ہے کہ یہ جنگ مکمل طور پر ختم کی جائے اور فلسطینی عوام کو ان کا حق دیا جائے۔”
فرانسیسی صدر نے حماس کے زیر حراست مغویوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اب بھی 48 افراد حماس کی قید میں ہیں، جنہیں فوری طور پر رہا کیا جانا چاہیے۔
عالمی مبصرین کے مطابق فرانس کا یہ اقدام مشرقِ وسطیٰ میں امن کے امکانات کو مضبوط کر سکتا ہے، جبکہ فلسطینی ریاست کے قیام کے حامی ممالک کی فہرست میں ایک اور اہم ملک کا اضافہ ہو گیا ہے۔
یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ میں انسانی بحران اپنی انتہا کو پہنچ چکا ہے اور عالمی سطح پر جنگ بندی کے مطالبات میں تیزی آ رہی ہے۔






