اہم خبریںدنیا

روس میں ایک بار پھر 7.8 شدت کا خوفناک زلزلہ، سونامی کے پیش نظر انخلا کا کا حکم

پیٹروپاولوسک-کامچاتسکی (روس) – روس کے مشرقی علاقے پیٹروپاولوسک-کامچاتسکی اور اس کے گرد و نواح میں جمعہ کے روز شدید زلزلہ محسوس کیا گیا، جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.8 میگنیٹیوڈ ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ زمین کی سطح سے صرف 10 کلومیٹر گہرائی میں آیا، جس نے اس قدرتی آفت کو مزید خطرناک بنا دیا ہے۔

زلزلے کے بعد پورے خطے میں سونامی کے خطرے کی گھنٹیاں بجنے لگیں۔ پیسفک سونامی وارننگ سینٹر نے ابتدائی طور پر امریکی ریاست الاسکا کے الیوٹین جزائر کے لیے سونامی ایڈوائزری جاری کی، جسے بعد ازاں خطرہ ٹلنے پر واپس لے لیا گیا۔

روسی ساحلی علاقوں میں الرٹ جاری
روس کے ساحلی علاقوں میں سونامی کی ممکنہ لہروں کے خطرے کے پیش نظر ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی ہے۔ مقامی حکام نے ساحلی آبادیوں کو فوری طور پر محفوظ اور بلند مقامات کی طرف منتقل ہونے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ شہریوں کو سختی سے تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی صورت ساحل کے قریب نہ جائیں اور حکومتی ہدایات کا انتظار کریں۔

پچھلے زلزلے سے مماثلت
ذرائع کے مطابق حالیہ زلزلہ اسی علاقے میں آیا ہے جہاں 30 جولائی کو 8.8 شدت کا تباہ کن زلزلہ آیا تھا، جس کے نتیجے میں ہوائی، کیلیفورنیا اور جاپان جیسے ممالک میں سونامی کی شدید لہریں دیکھنے میں آئی تھیں۔ ماہرین کے مطابق اس بات کا قوی امکان ہے کہ حالیہ زلزلے کے بعد بھی سونامی کی لہریں چند منٹوں سے لے کر ایک گھنٹے کے اندر کسی بھی وقت ساحلی علاقوں سے ٹکرا سکتی ہیں، جن کی شدت مختلف علاقوں میں مختلف ہو سکتی ہے۔

عالمی اثرات اور موجودہ صورتحال
تاحال کینیڈا، امریکا یا ہوائی کے لیے کسی قسم کے خطرے کا اعلان نہیں کیا گیا، لیکن روس کے مشرقی ساحلی علاقوں میں ایمرجنسی الرٹ جاری ہے اور امدادی ادارے الرٹ پر ہیں۔

متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں متحرک ہیں جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پرسکون رہیں، افواہوں سے گریز کریں اور صرف مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button