اسلام آباد: سینیٹر اور وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی و قانونی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والا حالیہ معاہدہ صرف ایک معاہدہ نہیں بلکہ **عالم اسلام کی صدیوں پرانی خواہش اور خواب کی تعبیر ہے**۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ مسلم امہ کے اتحاد کی بنیاد ہے، اور مستقبل میں تمام مسلم ممالک اس اتحاد کا حصہ بنیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ *”وقت آئے گا جب کسی ایک مسلمان پر ظلم کو تمام مسلمان ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا، اور اگر سعودی عرب پر حملہ ہوگا تو وہ پاکستان پر حملہ تصور کیا جائے گا۔”*
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان یہ تعلقات اب محض سفارتی یا اقتصادی نہیں رہے بلکہ اس میں **تاریخی، روحانی اور عسکری پہلو** شامل ہو چکے ہیں۔ رانا ثناء اللہ کے مطابق، پاکستان کی جوہری طاقت اور سعودی عرب کی معاشی قوت اگر یکجا ہو جائیں تو یہ اتحاد دنیا کی ایک نئی **ورلڈ سپر پاور** کے طور پر ابھر سکتا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے اس تاثر کو بھی رد کیا کہ سعودی عرب پر صرف امریکہ کا اثر و رسوخ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ ساتھ **مسلمان ممالک اپنی خودمختاری اور باہمی اتحاد کی طرف بڑھ رہے ہیں**، اور یہ معاہدہ اسی سلسلے کی ایک تاریخی پیش رفت ہے۔






