حج رجسٹریشن کا آج آخری دن، گزشتہ سال کے رہ جانے والے حاجی آج تک کروا سکتے ہیں اندراج
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — گزشتہ سال حج کی ادائیگی سے محروم رہ جانے والے عازمین حج کے لیے آج رجسٹریشن کا آخری دن ہے۔ وزارت مذہبی امور نے بتایا ہے کہ حج پر جانے کے خواہش مند آج رات بارہ بجے تک آن لائن رجسٹریشن مکمل کر سکتے ہیں، جس کے بعد پورٹل بند کر دیا جائے گا۔
وزارت کے مطابق گزشتہ سال حج پر نہ جا سکنے والے 22 ہزار 97 عازمین اب تک رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔ سیلاب کی صورت حال کے باعث رجسٹریشن کی مدت میں توسیع کی گئی تھی تاکہ زیادہ سے زیادہ حاجیوں کو اس موقع سے فائدہ حاصل ہو سکے۔
ذرائع نے بتایا کہ پرائیویٹ حج آپریٹرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ گزشتہ سال کے عازمین کو ترجیح دیں گے اور جو کوٹا بچ جائے گا، اسی کے تحت نئے عازمین کی بکنگ کی اجازت ہوگی۔
مزید یہ کہ گزشتہ سال کے عازمین کو کسی اضافی اخراجات کے بغیر حج کی ادائیگی کی سہولت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ منظمہ کمپنیوں کے لیے بھی آج آخری دن ہے کہ وہ حاجیوں کی تفصیلات اور رقوم کی سعودی عرب منتقلی کے ثبوت وزارت کو فراہم کریں۔
اگر کوئی کمپنی بینکنگ چینلز کے ذریعے رقوم کی منتقلی کا ثبوت پیش نہیں کرے گی تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جس میں کمپنی کے کوٹے کی منسوخی اور بھاری جرمانہ شامل ہے۔ وزارت مذہبی امور نے اب تک 12 کمپنیوں کو رقوم کی غیر قانونی منتقلی پر نوٹس بھی جاری کیے ہیں۔






