صارفین کیلئے بری خبر، بجلی مزید مہنگی کرنےکی درخواست نیپرا میں جمع
اسلام آباد؛— سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو بجلی 19 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست جمع کروا دی ہے۔ یہ درخواست اگست کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔
نیپرا کے مطابق، درخواست پر سماعت 29 ستمبر کو کی جائے گی، جس میں اضافہ منظور ہونے کی صورت میں ملک بھر کے صارفین پر تقریباً 3 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑ سکتا ہے۔
نیپرا کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، اگست کے دوران فی یونٹ بجلی کی فیول لاگت کا تخمینہ 7 روپے 31 پیسے لگایا گیا تھا، جس کی بنیاد پر قیمت میں اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے بڑا ریلیف دیتے ہوئے بجلی کے بلوں کی وصولی فوری طور پر روکنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
واضح رہے کہ نیپرا ہر ماہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی بنیاد پر بجلی کے نرخوں میں رد و بدل کی درخواستوں پر سماعت کرتا ہے، جس کا مقصد فیول لاگت میں اتار چڑھاؤ کو صارفین کے بلوں میں ایڈجسٹ کرنا ہوتا ہے۔






