افغان مہاجرین کے انخلاء کا تیسرا مرحلہ جاری، 30 ہزار سے زائد افراد وطن واپس روانہ
کوئٹہ: ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی غیرقانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کے انخلاء کا تیسرا مرحلہ تیزی سے جاری ہے۔ حکومتِ پاکستان کے فیصلے کے تحت یکم ستمبر سے شروع ہونے والے اس مرحلے میں رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ تمام افغان مہاجرین کو واپس ان کے وطن بھجوایا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق اب تک 30 ہزار سے زائد افغان شہریوں کو واپس افغانستان روانہ کیا جا چکا ہے، جن میں سے 20 ہزار افراد نے رضاکارانہ طور پر واپسی اختیار کی ہے۔
کوئٹہ میں افغان شہریوں کے زیرانتظام چلنے والے 33 سے زائد تعلیمی ادارے اور صحت کے مراکز کو بھی نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس فورس افغان مہاجرین کے انخلاء کے عمل میں متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کوئٹہ اور گرد و نواح میں افغان باشندوں کی بستیوں کی نشاندہی مکمل کر لی گئی ہے، اور ان علاقوں میں مرحلہ وار کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں کو واپس ان کے ممالک بھجوایا جائے گا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اقدام داخلی سلامتی، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور قانونی رہائش پالیسی پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔






