لندن: برطانیہ رواں ہفتے فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کر سکتا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ اہم فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے برطانیہ کے سرکاری دورے کے اختتام کے بعد متوقع ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج ونزر میں برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر سے اہم ملاقات کریں گے، جس میں مشرق وسطیٰ، یوکرین اور دیگر بین الاقوامی امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
دوسری جانب صدر ٹرمپ کی برطانیہ آمد پر عوامی ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔ وسطی لندن میں ٹرمپ مخالف مظاہرے کیے گئے، جہاں بڑی تعداد میں مظاہرین نے فلسطینی پرچم اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے امریکہ سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو اسلحہ فراہم نہ کیا جائے اور غزہ میں جاری جنگ فوری طور پر روکی جائے۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر برطانیہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لیتا ہے تو یہ عالمی سطح پر ایک اہم سفارتی پیش رفت ہو گی، جس کے خطے میں امن کے امکانات پر بھی گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔






