اہم خبریںدنیا

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا برطانیہ کا تاریخی ریاستی دورہ، شاہی خاندان کا پرتپاک استقبال

لندن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ بدھ کے روز اپنے تاریخی دوسرے ریاستی دورے پر برطانیہ پہنچے، جہاں شاہی خاندان کی جانب سے ان کا شاندار اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔ صدر ٹرمپ بادشاہ چارلس سوم کی دعوت پر لندن پہنچے، جہاں ان کی آمد پر ونڈسر کیسل میں خصوصی شاہی تقریبات منعقد کی گئیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، ونڈسر کیسل پہنچنے پر صدر ٹرمپ اور کنگ چارلس ایک خصوصی شاہی جلوس میں شریک ہوئے، جب کہ میلانیا ٹرمپ اور کوئین کمیلا اسکاٹش اسٹیٹ کوچ میں موجود تھیں۔ شاہی محل آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، اور شاہی بگھی میں محل کا دورہ بھی کروایا گیا۔

استقبالیہ تقریب میں شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین بھی شریک تھے، جنہوں نے امریکی صدر اور خاتون اول کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ ملاقاتوں کے دوران خوشگوار ماحول میں ہنسی مذاق اور ثقافتی تبادلہ خیال دیکھنے میں آیا۔

صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے برطانیہ کو ’’بہت خاص جگہ‘‘ قرار دیا اور کہا کہ ان کے تعلقات کنگ چارلس سے ہمیشہ خوشگوار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا: "یہ اعزاز ہے کہ مجھے دوسری بار ریاستی مہمان کے طور پر برطانیہ آنے کا موقع ملا ہے۔”

صدر ٹرمپ کے ہمراہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ بھی دورے پر موجود ہیں۔ اس موقع پر امریکی و برطانوی وزرائے خزانہ نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں "ٹرانس اٹلانٹک ٹاسک فورس” کے قیام کا اعلان کیا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے مالیاتی مراکز کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

برطانیہ کے وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے اس دورے کو ’’خاص تعلق‘‘ کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا، اور کہا کہ امریکہ اور برطانیہ کے درمیان معاشی اور اسٹریٹیجک شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے گا۔

دورے کے پس منظر میں سیاسی ہلچل

یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب صدر ٹرمپ اپنے قریبی اتحادی چارلی کرک کے قتل کے باعث ذاتی طور پر غمزدہ ہیں۔ دوسری جانب برطانوی حکومت بھی حالیہ سیاسی بحرانوں سے نبرد آزما ہے، جن میں برطانوی نائب وزیر اور امریکا میں سفیر پیٹر مینڈلسن کی برطرفی شامل ہے، جن پر جیفری ایپسٹین سے روابط کا الزام تھا۔

وزیراعظم اسٹارمر عالمی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اس دورے کو اہم موقع سمجھتے ہیں۔ اسی سلسلے میں عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سربراہان، بشمول این ویڈیا کے سی ای او جینسن ہوانگ اور اوپن اے آئی کے سی ای او سیم آلٹمین، لندن میں منعقدہ خصوصی سرمایہ کاری اجلاس میں شریک ہوں گے۔

احتجاجی مظاہروں کا خدشہ، عوامی شیڈول نہیں

صدر ٹرمپ کے دورے کے موقع پر لندن اور ونڈسر میں احتجاجی مظاہروں کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ تاہم، سیکورٹی خدشات کے باعث ان کا کوئی عوامی شیڈول جاری نہیں کیا گیا۔ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے مقامی سطح پر سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button