حکومت نے توشہ خانہ میں جمع تحائف کا مکمل ریکارڈ عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ کر لیا
اسلام آباد – حکومت نے اعلیٰ سرکاری شخصیات کو ملنے والے تحائف کا مکمل ریکارڈ عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے توشہ خانہ کا تازہ ترین ریکارڈ جاری کر دیا ہے۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے یکم جنوری 2025 سے 30 جون 2025 تک کا ریکارڈ عوامی سطح پر جاری کیا گیا ہے۔
جاری کردہ ریکارڈ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس مدت کے دوران ملنے والے قیمتی تحائف باقاعدہ طور پر توشہ خانہ میں جمع کروا دیے۔
وزرائے اعلیٰ اور اعلیٰ عسکری قیادت کو بھی تحائف ملے
تفصیلات کے مطابق:
وزیر خارجہ اسحاق ڈار
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
وزیر داخلہ محسن نقوی
وزیر اقتصادی امور احد چیمہ
چیف آف جنرل اسٹاف عامر رضا
وائس ایڈمرل راجہ ربنواز
کو بھی مختلف مواقع پر قیمتی تحائف ملے، جنہیں توشہ خانہ میں جمع کرا دیا گیا۔
مزید کن شخصیات کو تحائف ملے؟
توشہ خانہ ریکارڈ کے مطابق ان اہم شخصیات کو بھی تحائف موصول ہوئے:
چیئرمین نیب نذیر احمد
وزیر تجارت اور سیکرٹری تجارت
وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک احمد خان
بیوروکریٹ محمد علی رندھاوا
انسپکٹر جنرل پولیس رفعت مختار راجہ
مشیر کھیل وہاب ریاض
تمام متعلقہ افراد کی جانب سے تحائف کی قانونی اور ضابطے کے مطابق اطلاع دی گئی ہے، جنہیں توشہ خانہ میں محفوظ کر لیا گیا ہے۔
شفافیت کے اقدامات، ماضی سے مختلف رجحان
توشہ خانہ کے ریکارڈ کو عوام کے سامنے لانے کا یہ اقدام حکومت کی شفافیت کے اصولوں پر عملدرآمد کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ ماضی میں توشہ خانہ کے تحائف اور ان کے استعمال پر سیاسی تنازعات پیدا ہوتے رہے ہیں۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق ریکارڈ ہر چھ ماہ بعد باقاعدگی سے جاری کیا جائے گا، تاکہ عوام کو سرکاری تحائف سے متعلق معلومات دستیاب رہیں۔






