اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) — وفاقی حکومت نے پاکستان بھر کے تمام تعلیمی بورڈز کے میٹرک پوزیشن ہولڈرز کے لیے ترکی کے یادگار تعلیمی اور ثقافتی دورے کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ اس اہم اقدام کا مقصد نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو بین الاقوامی سطح پر سیکھنے اور دنیا کو دیکھنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
یہ پروگرام وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس کے تحت پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ سرکاری پاسپورٹس پر ترکی کا سفر کریں گے۔
طلبہ کے لیے ہدایات اور شرائط
انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمینز (IBCC) کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، پروگرام میں شامل طلبہ کو درج ذیل شرائط پوری کرنا ہوں گی:
سرکاری اسپتال سے جاری کردہ میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ
والدین یا سرپرست کی جانب سے تحریری اجازت نامہ
دو عدد سفید شلوار قمیض کے جوڑے اور مناسب جوتے
وزارت کی جانب سے طلبہ کو سبز بلیزر فراہم کی جائے گی
ہر طالب علم کو صرف ایک شولڈر بیگ ساتھ لے جانے کی اجازت ہوگی
لیپ ٹاپ، کیمرے اور دیگر الیکٹرانک آلات سختی سے ممنوع ہوں گے
والدین یا سرپرست کا ہنگامی رابطہ نمبر دینا لازمی ہوگا
سفری سہولیات اور آخری تاریخ
طلبہ کی سہولت کے لیے متعلقہ تعلیمی بورڈز پک اینڈ ڈراپ سروس بھی فراہم کریں گے۔ تمام بورڈز کو ہدایت دی گئی ہے کہ منتخب طلبہ کے پاسپورٹ اور دیگر مطلوبہ دستاویزات 19 ستمبر 2025 تک IBCC سیکریٹریٹ اسلام آباد کو ارسال کر دی جائیں تاکہ ترکی کے حکام سے بروقت کارروائی اور ہم آہنگی ممکن بنائی جا سکے۔
نگرانی اور انتظامات
تمام بورڈز کے چیئرمین اس پروگرام کی براہ راست نگرانی کریں گے اور طلبہ کو رسمی کارروائی مکمل کرنے میں مدد فراہم کریں گے تاکہ یہ پروگرام خوش اسلوبی سے مکمل ہو سکے۔
طلبہ کے لیے بین الاقوامی تجربے کا موقع
یہ دورہ پاکستان کے ذہین طلبہ کے لیے نہ صرف ایک یادگار تجربہ ہوگا بلکہ انہیں ترکی کے تعلیمی و ثقافتی ماحول کو قریب سے دیکھنے اور سیکھنے کا موقع بھی میسر آئے گا۔





