برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں جاری عالمی دفاعی نمائش ڈیفنس اینڈ سیکیورٹی ایکوپمنٹ انٹرنیشنل (DSEI-2025) میں قائم پاکستان پویلین کا دورہ کرتے ہوئے برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان کی مقامی سطح پر تیار کردہ دفاعی ٹیکنالوجی عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کر رہی ہے۔
نمائش کے دوران ہائی کمشنر نے پاکستان کے مختلف دفاعی اداروں کے اسٹالز کا معائنہ کیا اور پاکستان کی عسکری صنعتوں کی نمائندگی کرنے والے حکام سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل جوائنٹ اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل تبسم حبیب اور ڈائریکٹر جنرل ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا:
"پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مقامی طور پر فروغ دیا ہے۔ دنیا نے ہماری عسکری مہارت اور ٹیکنالوجی کا عملی مظاہرہ آپریشن بنیان مرصوص میں دیکھا۔ ہمیں اپنی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، جدید ٹیکنالوجی اور معیار پر فخر ہے۔”
عالمی سطح پر پاکستان کی پذیرائی
نمائش میں ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (HIT)، پاکستان آرڈیننس فیکٹریز واہ (POF) اور نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (NRTC) کی جانب سے تیار کردہ دفاعی سازوسامان کی نمائش کی گئی، جنہوں نے دنیا بھر سے آئے شرکاء کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔
اس بین الاقوامی نمائش میں:
90 سے زائد ممالک
3300 عالمی شخصیات و وفود
460 سے زائد اعلیٰ فوجی افسران
1600 سے زائد نمائش کنندگان
اور تقریباً 45 ہزار شرکاء شریک ہیں۔
پاکستانی دفاعی مصنوعات میں غیر ملکی کمپنیوں نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا ہے، اور کئی بین الاقوامی اداروں نے پاکستان میں تیار کردہ ٹیکنالوجیز اور آلات کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
پاکستان کا اعتماد، خودانحصاری کی علامت
پاکستانی وفد کی قیادت کرنے والے لیفٹیننٹ جنرل تبسم حبیب نے کہا کہ پاکستان کی شرکت نہ صرف قومی دفاعی برآمدات کے فروغ کے لیے اہم ہے بلکہ یہ ملک کی خودانحصاری اور ٹیکنالوجی میں ترقی کی واضح علامت بھی ہے۔






