صدر مملکت آصف علی زرداری کا اہم دورۂ چین، دو طرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون پر توجہ
اسلام آباد: صدرِ پاکستان آصف علی زرداری آج چینی حکومت کی دعوت پر ایک ہفتہ طویل دورے پر چین روانہ ہو رہے ہیں، جو 21 ستمبر تک جاری رہے گا۔ اس اہم دورے میں صدرِ مملکت شنگھائی، چنگڈو اور سنکیانگ سمیت مختلف چینی شہروں کا دورہ کریں گے۔
دفترِ خارجہ کے مطابق، صدر زرداری چینی صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جن میں پاک-چین دو طرفہ تعلقات، تجارتی و اقتصادی تعاون اور پاک چین اقتصادی راہداری (CPEC) پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان کثیرالجہتی فورمز پر باہمی تعاون کے فروغ پر بھی بات چیت متوقع ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی اس اہم دورے میں صدرِ مملکت کے ہمراہ ہوں گے۔
یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دونوں ممالک اپنے دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہیں، خصوصاً سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخلے کے تناظر میں اس دورے کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔






