سیلاب سے فصلوں کو نقصان: وفاق کا صوبوں سے رابطہ، درآمدی پالیسی پر غور
اسلام آباد
وفاقی حکومت نے حالیہ سیلاب کے باعث فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کے معاملے پر صوبائی حکومتوں سے باضابطہ رابطے شروع کر دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ رابطے متاثرہ علاقوں میں زرعی پیداوار پر پڑنے والے منفی اثرات کے پیش نظر کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر رانا تنویر کی آئندہ چند روز میں اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔
اتوار کے روز ان کی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات متوقع ہے، جبکہ اس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے بھی ان کی ملاقات کا امکان ہے، جس میں چیف سیکرٹری پنجاب اور فوڈ سیکرٹری بھی شریک ہوں گے۔
فصلوں کے نقصانات پر تفصیلی جائزہ اور پالیسی سازی
ذرائع نے بتایا ہے کہ ملاقاتوں میں سیلاب سے گندم، چاول، کپاس، سبزیوں اور پھلوں کو پہنچنے والے نقصان کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، ان نقصانات کے ازالے، امدادی اقدامات، اور درآمدی پالیسی کے حوالے سے بھی مشاورت ہوگی۔
درآمدی پالیسی زیر غور
ملاقات کے دوران سیلاب سے متاثرہ اجناس — خصوصاً پھل، سبزیوں اور دیگر غذائی اشیاء — کی عارضی درآمد سے متعلق پالیسی ترتیب دینے پر بھی غور کیا جائے گا تاکہ ملک میں ممکنہ قلت اور قیمتوں میں اضافے سے بچا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ملاقاتوں کے نتائج کی روشنی میں وفاقی حکومت مستقبل کی حکمتِ عملی اور مالی اقدامات کے حوالے سے حتمی فیصلے کرے گی۔





