نئی دہلی / دبئی: ایشیا کپ 2025 کے شیڈول کے اعلان کے بعد بھارتی شدت پسند حلقوں کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کی مخالفت زور پکڑ گئی ہے، یہاں تک کہ معاملہ بھارتی سپریم کورٹ جا پہنچا، جہاں میچ پر پابندی کے لیے باقاعدہ درخواست دائر کی گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ پاک بھارت میچ سے "قومی مفادات” کو نقصان پہنچ سکتا ہے، لہٰذا اس پر پابندی عائد کی جائے۔ تاہم بھارتی سپریم کورٹ کے جسٹس جے کے مہیشوری اور جسٹس وجے بشنوئی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے نہ صرف درخواست کو سماعت کے لیے ناقابل قبول قرار دیا بلکہ واضح الفاظ میں کہا:
"یہ صرف ایک میچ ہے۔”
عدالت کے اس دوٹوک مؤقف نے شدت پسند عناصر کی کوششوں کو بڑا دھچکا دیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان ہائی وولٹیج میچ 14 ستمبر 2025 کو دبئی میں شیڈول ہے۔ اگر دونوں ٹیمیں اگلے مرحلے تک پہنچتی ہیں تو ایک یا دو مزید مقابلے بھی ممکن ہیں، جن میں ایک فائنل بھی شامل ہو سکتا ہے۔
پاک بھارت میچز ہمیشہ سے دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے اور جذباتی مقابلے سمجھے جاتے ہیں، اور ان کی مقبولیت سرحدوں سے ماورا ہوتی ہے۔






