وزیراعظم شہباز شریف کا قطر کا ایک روزہ ہمدردی دورہ، اعلیٰ سطحی وفد بھی ہمراہ
دوحہ / اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ قطر کے ایک روزہ ہنگامی دورے پر دوحہ روانہ ہوگئے۔ یہ دورہ قطر پر اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں قطری قیادت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے طور پر کیا جا رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم اپنے دورے کے دوران امیر قطر عزت مآب شیخ تمیم بن حماد الثانی، قطری شاہی خاندان اور عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کریں گے۔
وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم کی امیر قطر سے ملاقات متوقع ہے جس میں اسرائیل کی جانب سے دوحہ پر کیے گئے بلاجواز حملے اور خطے میں امن و استحکام کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔
وزیراعظم قطری قیادت سے اسرائیل کے حالیہ حملوں کو بین الاقوامی قوانین کے منافی اور علاقائی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے پاکستان کی مکمل یکجہتی کا پیغام پہنچائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور قطر کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں جو باہمی اعتماد، مذہبی ہم آہنگی اور مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں۔






