راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی کی صحت ٹھیک، بشریٰ بی بی کی طبیعت ناساز – علیمہ خان کا بیان
راولپنڈی – بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی صحت سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں پر ان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی صحت بالکل ٹھیک ہے اور ایسی تمام افواہیں بے بنیاد ہیں۔
تفصیلات کے مطابق علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کو لے کر جو خبریں پھیلائی جارہی ہیں وہ درست نہیں۔ ان کے مطابق عمران خان مکمل طور پر خیریت سے ہیں جبکہ بشریٰ بی بی کی طبیعت واقعی خراب ہے اور وہ چکر آنے کی شکایت کر رہی ہیں۔
علیمہ خان نے مزید بتایا کہ بشریٰ بی بی نے خود کہا ہے کہ انھیں چلتے ہوئے چکر آتے ہیں، جس پر ان کے طبی معائنے کے لیے باقاعدہ درخواست جمع کروا دی گئی ہے۔
علیمہ خان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے سوال کیا کہ "مجھے کیوں نشانہ بنایا جارہا ہے؟”، جس پر انھوں نے جواب دیا کہ "یہ چاہتے ہیں آپ کا پیغام عوام تک نہ پہنچے۔”
اس موقع پر علیمہ خان نے یہ بھی انکشاف کیا کہ عمران خان نے پارٹی قیادت کو واضح ہدایت دی ہے کہ وہ سینیٹ کی تمام کمیٹیوں سے فوری طور پر استعفیٰ دے دیں۔ ان کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ جو سینیٹرز کمیٹیوں میں بیٹھے ہیں وہ فوراً استعفیٰ دیں، اور چند دنوں میں پارٹی کا آئندہ کا لائحہ عمل بھی پیش کیا جائے گا۔






