کراچی: سابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی ہمشیرہ، معروف ڈینٹسٹ اور سماجی خدمت گزار ڈاکٹر زعیمہ علوی احمد انتقال کر گئیں۔ یہ افسوسناک خبر ڈاکٹر عارف علوی نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم X (سابقہ ٹوئٹر) پر شیئر کی۔
اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا:
"میری پیاری بہن، ہمدرد، دوست، اور مجھ سے بے پناہ محبت کرنے والی ڈاکٹر زعیمہ علوی احمد اللہ کو پیاری ہو گئیں۔
إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ۔”
ڈاکٹر عارف علوی کے مطابق، ڈاکٹر زعیمہ ایک نیک دل، مخیر اور دین دار خاتون تھیں جنہوں نے اپنی زندگی اللہ کی رضا اور اس کے بندوں کی خدمت کے لیے وقف کر دی۔ انہوں نے بتایا کہ اپنے شوہر ڈاکٹر رشید احمد کی 2019 میں وفات کے بعد، ان کی بہن کا رجوع الی اللہ مزید گہرا ہوتا چلا گیا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے جذباتی پیغام میں مزید لکھا:
"جب فرشتوں نے انہیں آواز دی ہوگی۔۔۔ تو میری مطمئن بہن اپنے رب کی طرف چل پڑی ہوں گی۔ اے اللہ! اپنی رحمت سے ان کی مغفرت فرما، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کر، اور ان کے درجات بلند فرما، آمین۔”
ڈاکٹر زعیمہ علوی احمد نہ صرف طب کے شعبے میں ایک ممتاز مقام رکھتی تھیں بلکہ مختلف سماجی و فلاحی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی رہیں۔ ان کے انتقال پر شعبہ طب، سماجی حلقے اور ان کے قریبی احباب گہرے رنج و غم میں مبتلا ہیں۔






