پنجاب اسمبلی میں سینیٹ ضمنی الیکشن: رانا ثنا اللہ سینیٹر منتخب
پنجاب اسمبلی میں ہونے والے سینیٹ ضمنی انتخاب میں غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے رانا ثنا اللہ 250 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہو گئے۔
پولنگ کا عمل صوبائی اسمبلی کی نئی عمارت میں ہوا جہاں اراکین نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ریٹرننگ افسر شریف اللہ نے پولنگ شام 4 بجے تک بلا تعطل جاری رکھی۔ یہ نشست پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعجاز احمد چوہدری کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔
ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق کامیابی کے لیے امیدوار کو 181.5 ووٹ درکار تھے، اور ن لیگ کے حمایت یافتہ رانا ثنا اللہ کو 263 ووٹوں کی حمایت حاصل ہوئی جبکہ اپوزیشن کی امیدوار سلمیٰ اعجاز کو 100 ووٹ ملے۔
اپوزیشن نے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کیا تھا اور ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی نے اعلان کیا کہ کوئی رکن اسمبلی ووٹ کاسٹ نہیں کرے گا کیونکہ یہ پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی ہوگی۔ تاہم کاغذات نامزدگی واپس لینے کا وقت ختم ہو چکا تھا۔
پنجاب اسمبلی میں کل 371 ارکان ہیں جن میں سے 363 موجود تھے جبکہ 8 نشستیں خالی ہیں۔ مسلم لیگ ن کے پاس 229، پیپلز پارٹی کے 16، آئی پی پی کے 7، مسلم لیگ ق کے 11 ووٹ ہیں۔ اپوزیشن میں سنی اتحاد کونسل کے 73 اور تحریک انصاف کے 24 ووٹ شامل ہیں، جبکہ تحریک لبیک، مسلم لیگ ضیا اور مجلس وحدت المسلمین کے پاس ایک ایک ووٹ ہے۔
یہ ضمنی انتخاب پنجاب کی سیاسی صورتحال اور جماعتوں کی طاقت کا آئینہ دار ہے۔





