اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان کے معاشی حالات میں بہتری آرہی ہے، نواز شریف
لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان کے معاشی حالات میں نمایاں بہتری آرہی ہے۔ وہ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ایرانی قونصل جنرل مہران موحد فر بھی موجود تھے۔
اس اہم ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال، توانائی، تجارت اور ثقافت کے فروغ پر تفصیلی بات چیت ہوئی، جبکہ دونوں ممالک نے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا۔
نواز شریف نے ایرانی صدر کے حالیہ دورہ پاکستان کو خوشگوار اور تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی قیادت بصیرت اور دانشمندی کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف جنگ میں ایران کی کامیابی پر پاکستانی عوام کی دعائیں اور ہمدردیاں ان کے ساتھ تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایران کے ساتھ تعلقات کو اعلیٰ ترین سطح تک لے جانا چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ ایرانی صدر کا دورہ باہمی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں حالیہ سیلاب سے شدید نقصان ہوا، لیکن حکومت نے بروقت اقدامات کرتے ہوئے ہزاروں جانیں بچائیں۔ مریم نواز نے ایران کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے والد نواز شریف بھی ہمیشہ ایران کے لیے دعاگو رہے ہیں۔
ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی عوامی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ایرانی عوام ان سے محبت اور احترام کا رشتہ رکھتے ہیں۔
سفیر نے بتایا کہ ایران میں 9 نومبر کو "اقبال ڈے” منایا جائے گا، جبکہ ایرانی میوزیکل بینڈ جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ 300 سے زائد ایرانی طلبہ پاکستانی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور نواز شریف کو والد کی طرح عزت دیتے ہیں۔
ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے بتایا کہ جب انہوں نے عہدہ سنبھالا تو پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 3 ارب روپے تھے، جو اب 20 ارب سے تجاوز کر چکے ہیں، جبکہ مہنگائی کی شرح 40 فیصد سے کم ہو کر 5 فیصد سے بھی نیچے آ چکی ہے۔
آخر میں ایرانی سفیر نے فارسی زبان کو فروغ دینے کے لیے پنجاب کی جامعات میں تعاون کی اپیل بھی کی اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مستقبل میں مزید گہرے ہوں گے۔






