امریکا کے 82 سالہ سابق صدر جو بائیڈن ایک بار پھر اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، جہاں ان کی اسکن کینسر کی سرجری کی گئی ہے۔
بی بی سی کے مطابق، بائیڈن کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ اُن پر ’موہس سرجری‘ (Mohs Surgery) کی گئی — ایک ایسا طریقۂ علاج جس میں جلد کے متاثرہ خلیات کو احتیاط سے کاٹ کر نکالا جاتا ہے تاکہ کینسر مزید نہ پھیل سکے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی 2023 میں اُن کے سینے سے کینسر کے خلیات نکالے گئے تھے، جبکہ وہ پہلے ہی پروسٹیٹ کینسر جیسی خطرناک بیماری سے نبرد آزما ہیں، جس کی تشخیص انہوں نے رواں برس مئی میں عوام کے سامنے کی تھی۔
حالیہ دنوں میں بائیڈن کے سر کے دائیں جانب زخم کا نشان دیکھنے میں آیا، جس کے بارے میں خیال ہے کہ شاید یہ اسی کینسر زدہ حصے کا نتیجہ ہو — تاہم باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
یاد رہے کہ بائیڈن کے بڑے بیٹے بو بائیڈن بھی 2015 میں کینسر کے باعث انتقال کر گئے تھے، جس کے بعد سے جو بائیڈن نہ صرف ذاتی طور پر اس جدوجہد سے گزر رہے ہیں بلکہ کینسر کے خلاف آگاہی اور تحقیق کے فروغ کے بھی پُرجوش حامی رہے ہیں۔





