شیر افضل مروت کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں، بانی چیئرمین نے نکال دیا: علیمہ خان
لاہور (نیوز ڈیسک) — پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے کہا ہے کہ شیر افضل مروت کا اب تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی بانی نے خود انہیں نکال دیا ہے، اس لیے ان کی باتوں کا کوئی وزن نہیں اور ان پر ردعمل دینا بھی ضروری نہیں۔
علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے بیٹوں کی رہائی پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ،
“میرے بیٹے تو رہا ہو گئے، باقی لوگوں کو بھی رہا کیا جانا چاہیے۔”
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو سنائی گئی سزائیں غیر قانونی ہیں، ان کے خلاف مقدمات جھوٹے اور سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے ہیں۔
شیر افضل مروت کے الزامات مسترد
شیر افضل مروت کے حالیہ الزامات کے حوالے سے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ،
“شیر افضل کو چاہیے کہ وہ کسی اور پارٹی کو جوائن کر لیں، اور اب ہماری پارٹی کے معاملات پر گفتگو بند کر دیں۔”
یاد رہے کہ رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے علیمہ خان پر پی ٹی آئی میں مداخلت اور کنٹرول سنبھالنے کا الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ:
"گزشتہ ایک سال میں علیمہ خانم نے پارٹی کو تقریباً ٹیک اوور کر لیا ہے۔ اڈیالہ جیل کب جانا ہے، کے پی ہاؤس میں اجلاس کب ہوگا، یہ سب فیصلے وہی کرتی ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا تھا کہ علیمہ خان پارٹی عہدیداروں کی تقرریوں اور تبدیلیوں میں مداخلت کرتی ہیں اور بعض ارکان کے خلاف سخت زبان استعمال کرتی ہیں۔






