اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

پاک فوج کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر حادثےمیں 5 جوان شہید،آئی ایس پی آر

چلاس: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے تصدیق کی ہے کہ پاک فوج کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر تربیتی مشن کے دوران چلاس کے قریب حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں ایک افسر سمیت 5 جوان شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق، حادثہ صبح تقریباً 10 بجے پیش آیا جب ہیلی کاپٹر ہُڈور گاؤں کے قریب کریش لینڈنگ کے بعد تباہ ہو گیا۔ یہ مقام تھکداس کینٹونمنٹ سے تقریباً 12 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

حادثے میں شہید ہونے والے عملے میں شامل ہیں:

پائلٹ ان کمانڈ میجر عاطف

کو پائلٹ میجر فیصل

فلائٹ انجینئر نائب صوبیدار مقبول

کریو چیف حوالدار جہانگیر

کریو چیف نائیک عامر

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ حادثہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے پیش آیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ آرمی ایوی ایشن کی تربیتی پروازیں معمول کا حصہ ہیں، جو آپریشنل تیاری اور دفاعی ذمہ داریوں کے لیے ناگزیر ہیں۔ ان تربیتوں میں انسانی ہمدردی پر مبنی امدادی اور بحالی مشن بھی شامل ہوتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ملک کے دفاع اور عوامی خدمت کے ہر شعبے میں بھرپور تیاری کو یقینی بنایا جائے گا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی کا افسوس اور تعزیت کا اظہار

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چلاس کے قریب آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر حادثے پر گہرا افسوس ظاہر کیا اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہید ہونے والے پائلٹس میجر عاطف، میجر فیصل اور دیگر عملے کے ارکان کے اہل خانہ کے لیے صبر و شکر کی دعا کی۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ جوانوں نے اپنے فرض کی ادائیگی کے دوران بلند رتبہ پایا ہے اور وہ شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کیا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button