پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی تجویز، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم ستمبر سے متوقع
اسلام آباد: پیٹرولیم انڈسٹری نے پیٹرول، ڈیزل اور دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے ورکنگ مکمل کر لی ہے۔ رپورٹ کے مطابق یکم ستمبر سے پیٹرول 61 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے 13 پیسے فی لیٹر سستا ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول کی نئی متوقع قیمت 264.61 روپے سے کم ہو کر 264 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 272.99 روپے سے کم ہو کر 269.86 روپے ہو سکتی ہے۔
اس کے علاوہ مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک روپے 57 پیسے کمی کی تجویز دی گئی ہے، جس سے اس کی قیمت 178.27 روپے سے کم ہو کر 176.70 روپے ہو جائے گی۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت 2 روپے 61 پیسے کمی کے بعد 162.16 روپے سے کم ہو کر 159.55 روپے ہونے کا امکان ہے۔
پیٹرولیم انڈسٹری کی جانب سے تیار کردہ اس ورکنگ میں ایکسچینج ریٹ اور ٹیکسز کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔ حکومت اگر پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز عائد کرتی ہے یا اضافہ کرتی ہے تو ممکنہ طور پر عوام اس متوقع ریلیف سے محروم رہ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اوگرا کل، 31 اگست کو قیمتوں میں رد و بدل کی سمری حکومت کو ارسال کرے گا۔ وزیراعظم کی حتمی منظوری کے بعد وزارت خزانہ نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی، جس کا اطلاق یکم ستمبر سے 15 روز کے لیے ہو گا۔






