ملک بھر میں ربیع الاوّل کا چاند نظر نہیں آیا، 12 ربیع الاوّل 6 ستمبر بروز ہفتہ منائی جائے گی
کراچی:
ملک بھر میں ربیع الاوّل 1447 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا۔ اس بات کا اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کراچی میں کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا۔
اجلاس کراچی میں منعقد ہوا جس میں محکمۂ موسمیات، وزارتِ مذہبی امور، اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے شریک تھے۔ اجلاس کے بعد مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ آج 24 اگست بروز ہفتہ، ملک کے کسی حصے سے ربیع الاوّل کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، لہٰذا یکم ربیع الاوّل منگل 26 اگست کو ہوگی۔
اس اعلان کے مطابق، ملک بھر میں 12 ربیع الاوّل اور جشنِ عید میلاد النبی ﷺ 6 ستمبر 2025 بروز ہفتہ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔
علاوہ ازیں، لاہور میں ایوانِ اوقاف میں زونل رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں محکمۂ اوقاف، محکمۂ موسمیات اور دیگر ماہرین شریک ہوئے۔ اجلاس کے بعد ڈی جی اوقاف نے تصدیق کی کہ لاہور میں بھی چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں ربیع الاوّل کا چاند ایک روز قبل نظر آ چکا ہے، جہاں 12 ربیع الاوّل بدھ 4 ستمبر کو منایا جائے گا۔






