معصوم مگر بہادر،افغان لڑکی کا زبردستی شادی سے انکار، بہادری بھرا قدم اٹھا کر سب کے دل جیت لیے!
راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) — راولپنڈی کے علاقے گرجا روڈ پر واقع ایک مکان سے افغانستان سے لائی گئی 17 سالہ لڑکی نوشابہ نے زبردستی شادی کی کوشش پر 15 پر کال کر کے پولیس سے مدد طلب کر لی، جس پر تھانہ دھمیال پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لڑکی اور اس کی والدہ کو ریسکیو کر لیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی کی والدہ کی مدعیت میں تشدد اور سنگین نتائج کی دھمکیوں کا مقدمہ تھانہ دھمیال میں درج کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق، متاثرہ لڑکی اپنی والدہ کے ہمراہ چار روز قبل افغانستان سے کچلاک کے راستے راولپنڈی پہنچی تھی۔ ان کے ساتھ مالے خان نامی شخص بھی تھا، جس کے بھائی گل خان سے نوشابہ کی شادی طے کی گئی تھی۔ لیکن گل خان کو دیکھتے ہی نوشابہ نے شادی سے انکار کر دیا۔
22 اگست کی شب، مالے خان نے زبردستی ایک نکاح خواں بلایا، لیکن لڑکی کے شور مچانے پر نکاح خواں موقع سے فرار ہو گیا۔ اس پر طیش میں آ کر مالے خان نے اپنی بہن ناطی کے ساتھ مل کر نوشابہ کو دھمکیاں دیں، گالیاں بکیں اور اس کے چہرے پر تھپڑ رسید کیے۔
واقعہ کے بعد پولیس نے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ حکام کے مطابق متاثرہ لڑکی کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے، اور زبردستی شادی کی کوشش کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔






