فیلڈ مارشل عاصم منیر سے چینی وزیر خارجہ کی ملاقات، پاکستان کی خودمختاری کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ
اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر سے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی، انسداد دہشت گردی اور باہمی تعاون کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کی خودمختاری اور ترقی کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں فریقین نے علاقائی و عالمی فورمز پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور رابطہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مشکل حالات میں چین کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا، اور دونوں ممالک نے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تجارت، اقتصادی تعاون اور سی پیک سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔
پاک چین قیادت کی ان ملاقاتوں کو دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور خطے میں تعاون کے نئے امکانات کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔





