برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر کا وزیراعظم شہباز شریف کو تعزیتی خط، سیلاب متاثرین کی بحالی میں مکمل تعاون کا اعلان
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) برطانیہ کے وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے پاکستان میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرا افسوس ظاہر کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
سر کیئر اسٹارمر نے وزیراعظم شہباز شریف کو لکھے گئے ایک خط میں کہا ہے کہ وہ اس افسوسناک قدرتی آفت پر دلی دکھ اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے برطانوی عوام کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا پیغام بھی پہنچایا۔
اپنے خط میں برطانوی وزیراعظم نے کہا، "میری دلی ہمدردیاں تمام متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، خاص طور پر اُن لوگوں کے ساتھ جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔”
سر کیئر اسٹارمر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی نژاد افراد کے لیے یہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، اور وہ اپنے آبائی وطن کے ساتھ اس مشکل وقت میں مکمل ہمدردی رکھتے ہیں۔
انہوں نے پاکستان میں کام کرنے والی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں اور رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ نامساعد حالات کے باوجود انسانی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں۔
برطانوی وزیراعظم نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ برطانوی حکومت نہ صرف فوری امداد فراہم کر رہی ہے بلکہ طویل مدتی بحالی اور تعمیر نو کے کاموں میں بھی پاکستان کی ہر ممکن مدد کرے گی۔






