خیبرپختونخوا میں مون سون کی تباہ کاری، صوابی میں 15 ہلاکتیں
صوابی: خیبرپختونخوا میں مون سون کے نئے اسپیل کا آغاز تباہ کن ثابت ہو رہا ہے۔ ضلع صوابی کے گاؤں داڈوری اور سر کھوئی پایان میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر صوابی، نصراللہ کے مطابق، علاقے میں گزشتہ رات سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ آج صبح تقریباً 8 بجے کلاؤڈ برسٹ کی اطلاع ملی، جس سے متعدد مکانات متاثر ہوئے۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق، 15 سے 20 مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی غیر مصدقہ اطلاعات موجود ہیں، تاہم تاحال کوئی لاش برآمد نہیں کی جا سکی۔
ڈی سی صوابی نے بتایا کہ متاثرہ گاؤں میں تقریباً 40 سے 50 گھر موجود ہیں۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں، لیکن چونکہ ضلعی ریسکیو ٹیمیں پہلے ہی بونیر میں جاری آپریشنز میں مصروف تھیں، اس لیے ہری پور اور دیگر قریبی اضلاع سے امدادی ٹیمیں طلب کی گئی ہیں۔ کمشنر ذاتی طور پر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔
کچھ مقامات پر ہیلی کاپٹرز کی ضرورت بھی محسوس ہوئی، لیکن ریسکیو اہلکاروں نے زمینی راستوں سے بروقت امدادی کارروائیاں سرانجام دیں۔
یاد رہے کہ محض دو روز قبل خیبرپختونخوا کے اضلاع بونیر، سوات اور باجوڑ میں بھی کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچائی تھی، جن کے نتیجے میں سینکڑوں افراد جاں بحق اور متعدد دیہات متاثر ہوئے تھے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ مون سون کا یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہ سکتا ہے۔ متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔






