اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

سیلاب متاثرین کی مدد جاری، بعض صوبائی وزرا کے بیانات افسوسناک ہیں: عطا تارڑ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی): وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلابی صورتحال کے بعد وفاق کی جانب سے بھرپور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، تاہم بعض صوبائی وزرا کے غیر ذمہ دارانہ اور افسوسناک بیانات قومی اتحاد کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے مختلف متاثرہ اضلاع میں وفاقی ادارے مسلسل سرگرم عمل ہیں اور ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال ایک قومی سانحہ ہے، جس میں سیاست کرنے کی بجائے یکجہتی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ حالیہ بارشوں، بادل پھٹنے اور سیلابی ریلوں کے باعث خیبرپختونخوا میں 328 قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، جو کہ ایک اندوہناک انسانی المیہ ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا:

"بیرسٹر سیف اگر فیلڈ میں جا کر خود صورتحال دیکھیں، تو وفاق کی عملی سپورٹ کا اندازہ ہو جائے گا۔ ہم متاثرہ علاقوں میں مستقل بنیادوں پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔”

ترمیم اور این ایف سی پر وضاحت
عطا تارڑ نے اس تاثر کی سختی سے تردید کی کہ حکومت این ایف سی ایوارڈ یا 27ویں آئینی ترمیم پر کوئی مسودہ تیار کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس حوالے سے کوئی بھی تجویز زیر غور نہیں۔

اشتہاری مہم پر وضاحت
میڈیا مہم سے متعلق تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ:

"وفاقی حکومت کے تمام ویڈیو اشتہارات میں قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کی تصاویر شامل تھیں۔ صرف ایک اخباری اشتہار پر غیر ضروری سیاست کی گئی، جبکہ خیبرپختونخوا حکومت کی اپنی مہم میں بھی بانیانِ پاکستان کی تصاویر موجود نہیں تھیں۔”

قومی اتحاد کی ضرورت
وفاقی وزیر نے تمام سیاسی و صوبائی قیادت پر زور دیا کہ وہ اس نازک وقت میں اتحاد کا مظاہرہ کریں اور متاثرین کی مدد کو ترجیح دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کا ذریعہ نہیں بنانا چاہیے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button