اسلام آباد (بیورو رپورٹ) — پاکستان میں مقیم رجسٹرڈ افغان شہریوں (پی او آر کارڈ ہولڈرز) کی وطن واپسی کے لیے حکومت نے 31 اگست 2025 کو آخری تاریخ مقرر کر دی ہے۔ اس تاریخ کے بعد ان کی رجسٹریشن ختم کر دی جائے گی اور وہ ملک میں رجسٹرڈ نہیں رہیں گے۔
وزارت سیفران (SAFRON) نے تمام صوبائی و ضلعی کمیٹیوں کو افغان مہاجرین کے متعلق مکمل ڈیٹا فراہم کر دیا ہے، جبکہ سرحدی ٹرمینلز پر رجسٹریشن کے عمل کو بند کرنے کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔ واپسی کے عمل کو منظم اور مؤثر بنانے کے لیے بایو میٹرک تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے۔
وزارت داخلہ نے افغان شہریوں کی واپسی کے حوالے سے ایکشن پلان تمام صوبوں کو ارسال کیا ہے۔ تمام صوبائی حکومتیں اور حساس ادارے پی او آر کارڈ ہولڈرز کی مکمل میپنگ کر چکے ہیں، اور ضلعی و صوبائی سطح پر قائم کمیٹیاں مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کر دی گئی ہیں تاکہ واپسی کا عمل شفاف اور موثر طریقے سے انجام دیا جا سکے۔
واپسی کے لیے مختلف ٹرانزٹ ایریاز کا تعین کر لیا گیا ہے، اور افغان شہریوں کی نقل و حرکت کے لیے مخصوص سفری منصوبہ بھی ترتیب دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے مخصوص بارڈر کراسنگ پوائنٹس پر واپسی کی سہولت فراہم کرے گا، جبکہ نادرا 31 اگست کے بعد رجسٹریشن ختم کر دے گا۔
اس پورے عمل کی نگرانی فارن نیشنل سیکیورٹی ڈیش بورڈ کرے گا تاکہ وطن واپسی کا عمل منظم، محفوظ اور بروقت مکمل ہو سکے۔






