اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

پاک فوج کا عوام سے وعدہ نبھانے کا وقت مصیبت زدہ عوام کے محافظ، پاک فوج کا ریلیف آپریشن پورے زور سے جاری

اسلام آباد / پشاور — خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی ریسکیو اور ریلیف کارروائیاں دن رات جاری ہیں۔ متاثرین کی بروقت مدد، محفوظ مقامات پر منتقلی اور طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے فوجی جوان پوری طرح متحرک ہیں۔

پاک فوج کے ترجمان کے مطابق، شانگلہ میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند سڑکوں کو آرمی انجینئرنگ کور نے کلیئر کر دیا ہے، جبکہ بونیر میں بھی کئی اہم شاہراہوں کی بحالی کا کام تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ امدادی سرگرمیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ہو۔

بونیر کے دور دراز دیہات چوراک اور آدم خیل میں فوجی اہلکار ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے اور متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ راشن، خیمے اور دیگر امدادی سامان بھی تقسیم کیا جا رہا ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو بنیادی ضروریات مہیا کی جا سکیں۔

گلگت بلتستان میں ہنگامی طبی سہولیات

دوسری جانب، گلگت بلتستان کے تحصیل پھنڈر کے گاؤں ٹیرو میں پاک فوج نے ایک فیلڈ اسپتال قائم کیا ہے جو 24 گھنٹے کام کر رہا ہے۔ فوجی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے چار شدید زخمی افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ میڈیکل کیمپوں میں خواتین، بچوں، زخمیوں اور دیگر مریضوں کو مکمل طبی امداد دی جا رہی ہے۔

متاثرین کا پاک فوج سے اظہارِ تشکر

متاثرین نے پاک فوج کی فوری امدادی کارروائیوں پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا:

"مصیبت کی اس گھڑی میں سب سے پہلے پاکستان آرمی ہماری مدد کو پہنچی۔ ہم دل سے ان کے شکر گزار ہیں۔”

پاک فوج کا عزم

پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے:

"جب تک ہر متاثرہ فرد محفوظ مقام پر منتقل نہیں ہو جاتا، ریسکیو اور ریلیف آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔ ہمارا عزم ہے کہ کوئی بھی شخص تنہا نہ رہے۔”

یہ ریلیف آپریشن اس بات کا عملی مظاہرہ ہے کہ پاک فوج نہ صرف سرحدوں کی محافظ ہے بلکہ قدرتی آفات میں عوام کی خدمت میں بھی پیش پیش رہتی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، ان اقدامات سے عوام اور افواجِ پاکستان کے درمیان اعتماد کا رشتہ مزید مضبوط ہو رہا ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button