لاہور / راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)
پنجاب کے مختلف اضلاع میں آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کے ساتھ پوٹھوہار ریجن میں فلیش فلڈنگ (اچانک سیلاب) کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، چکوال اور جہلم کے علاقوں میں بادل پھٹنے (Cloudburst) اور موسلادھار بارش کی پیشگوئی ہے، جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
اس تناظر میں نالہ لئی کے اطراف دفعہ 144 کا نفاذ سختی سے کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا کہ:
نالہ لئی میں نہانے پر سخت پابندی عائد کر دی گئی ہے
خلاف ورزی پر گرفتاری اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی
شہری ہنگامی صورتحال میں محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں
مزید برآں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر نالہ لئی کے اطراف جدید الارم سسٹم بھی فعال کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے بروقت نمٹا جا سکے۔






