بارشوں کی شدت برقرار، چیئرمین این ڈی ایم اے نے کلاؤڈ برسٹ کا خدشہ ظاہر کر دیا
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک میں آئندہ چند ہفتوں کے دوران مزید کلاؤڈ برسٹ اور شدید بارشوں کے خدشات کا اظہار کیا ہے، جس سے خیبرپختونخوا جیسی ہنگامی صورتحال دوبارہ پیدا ہو سکتی ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ شمالی پنجاب، آزاد جموں و کشمیر، اور گلگت بلتستان میں آئندہ 3 سے 4 ہفتوں کے دوران کلاؤڈ برسٹ کے شدید امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور مؤثر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کا کہنا تھا کہ عوام بھی موسم کی صورتحال پر نظر رکھیں اور حفاظتی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے محفوظ رہا جا سکے۔
خیبرپختونخوا میں تباہی: 328 اموات
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں خیبرپختونخوا میں بارشوں، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث اب تک 328 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں، جب کہ متعدد مکانات اور انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
چند ہفتے قبل گلگت بلتستان میں بھی کلاؤڈ برسٹ کے باعث شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے تھے، جن میں قیمتی جانوں کا نقصان ہوا۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے اس وارننگ کے بعد تمام متعلقہ ادارے ہنگامی تیاریوں میں مصروف ہیں تاکہ ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جا سکے۔






